نئی دہلی13؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس پرسخت حملہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے آج کہاکہ پارٹی کا ’’گھوٹالوں کا ریکارڈ‘‘رہا ہے جس سے اسے مودی حکومت کی کرپشن مخالف مہم کے سامنے کافی پریشانی ہو رہی ہے۔حکومت نے بدعنوانی ختم کرنے کیلئے زیادہ قیمت کے نوٹوں کو بند کرنے کا اہم فیصلہ لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 500اور1000روپے نوٹوں پرپابندی سے دنیاکی سب سے تیزی سے آگے بڑھنے والی معیشت کو کم نقد رقم اورڈیجیٹل ادائیگی والی معیشت میں تبدیل کرنے میں مددملے گی۔اس نظام میں جہاں ایک طرف ٹیکس آمدنی بڑھے گی وہیں دوسری طرف ٹیکس چوری پرلگام لگے گی۔جیٹلی نے کہاکہ اس کے علاوہ نقداخراجات میں پین کارڈ لازمی طور پر استعمال ہونے سے بدعنوانی میں کمی لانے میں مددملے گی۔نوٹ بندی سے پیداعارضی مسائل کا حل تیزی سے درست کرنسی کو چلن میں لا کر کیا جا رہا ہے۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی طرف سے روزانہ وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنائے جانے کے درمیان وزیر خزانہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے 2004سے 2014 کے 10سال کے دور اقتدار میں کرپشن یا کالا دھن کے خلاف ایک بھی قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے الزام لگایا کہ یو پی اے حکومت کے دوران 2جی سپیکٹرم سے لے کر کوئلہ بلاک الاٹمنٹ گھوٹالہ اور وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر خریدنے کیلئے آگسٹاویسٹ لینڈ کے ساتھ معاہدے میں کرپشن اور اسکینڈل اپنے عروج پر تھے۔